ڈپٹی کمشنر جھنگ کاریسکیو 1122 آفس کا دورہ ،ہدایات جاری

جھنگ ،اٹھارہ ہزاری (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبربھنڈر نے ریسکیو 1122 آفس کا دورہ کیااور وہاں ممکنہ ہنگامی اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا۔۔۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران ریسکیو 1122 حکام نے ڈی سی جھنگ کو ریسکیو آلات، کشتیوں، ایمبولینسز اور دیگر ضروری مشینری بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن، خوراک کی فراہمی اور دیگر طبی سہولیات کے حوالے سے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر تمام محکمے الرٹ رہیں اور بروقت ریلیف و ریسکیو کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے عوامی تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری ہونی چاہیے ۔