بلوچستان کے 25 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ منظور
کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے آئندہ سال تک صوبے کے 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا جبکہ 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھجوانے کے پروگرام پر پیش رفت تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کرنے کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں فنی تعلیم کی استعداد کار میں اضافے اور نگرانی کے مؤثر نظام کے لیے انسٹی ٹیوٹ رجسٹریشن پورٹل نے کام شروع کر دیا ہے.
چیف منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں سست روی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئندہ سال تک تربیت مکمل کرنے والے 25 ہزار نوجوانوں کو قومی و عالمی معیشت کا حصہ بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول کا فروغ ضروری ہے، فنی تعلیم اور ہنر مندی کا فروغ نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کر سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ فنی تربیتی اداروں کی کارکردگی اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور احتساب یقینی بنایا جائے گا.
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ہنر میں ڈھال کر انہیں ملکی ترقی اور عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments