ڈاکٹر شاہد صدیق قتل کیس میں پیشرفت ، حملہ آوروں کے زیر استعمال گاڑی کی نشاندہی

لاہور:(دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر شاہد صدیق پر فائرنگ کے وقت حملہ آواروں کے زیر استعمال سفید گاڑی کی نشاندہی کر لی گئی، ڈاکٹر شاہد صدیق پر فائرنگ کرنے والے شخص سمیت چار افراد موقع پر موجود تھے، ملزمان جائے وقوعہ سے کار میں فرار ہوئے۔

تفتیشی ٹیم  کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گاڑی کن راستوں سے ہوتی ہوئی مسجد کے باہر آئی، کیمروں کی مددسے اس کا پتہ لگا لیا گیاہے، گاڑی کس کے نام ہے ایکسائز سے پولیس حکام نے رابطہ کر لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے ملحقہ علاقوں کی جیو فینسنگ کرائی جا رہی ہے اور مقتول کے بیٹے کا تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق ویلنشیا ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے فاؤنڈر ممبر ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر قتل کیا گیا تھا، مقتول نجی ہسپتال کے مالک بھی تھے، نامعلوم حملہ آوروں نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو 4 گولیاں ماری تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں