اسرائیل تنازعات کو مشرق وسطیٰ تک پھیلانے کی کوشش کررہا ہے: فلسطینی صدر

انقرہ: (دنیا نیوز) فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل تنازعات کو مشرق وسطیٰ تک پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے دارالحکومت انقرہ میں ترک پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے درمیان ترک عوام کی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کو سلام پیش کرتے ہیں، ترکیہ کی پالیسی کو سراہتے ہیں جس نے فلسطینی کاز کو اپنی کوششوں میں مرکزی حیثیت دی۔

فلسطینی صدر نے تنازعات کو مشرق وسطیٰ تک پھیلانے کی اسرائیلی کوششوں سے ایوان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کو پورے خطے پر قابو پانے کی کوشش کی اجازت نہیں دیں گے، غزہ کو ایک الگ وجود نہیں سمجھا جا سکتا اور یہ فلسطینی ریاست کا حصہ ہے۔

صدر محمود عباس نے مزید کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا مقصد پوری فلسطینی ریاست کو تباہ کرنا ہے، اسرائیل کے جنگی مجرموں کو سزا دینا ضروری ہے، غزہ میں جو کچھ ہوا اس کیلئے نیتن یاہو انتظامیہ کے خلاف نسل کشی کا کیس بنانا چاہئے۔

انہوں نے اسرائیل کی بے لاگ حمایت کرنے پر امریکا کو طاعون قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے تمام فلسطینیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اس کیلئے میری جان کو خطرے میں ڈالنا پڑا تو میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں