مریم نواز کی چائے کے ڈھابے پر رک کر شہریوں سے ملاقات
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ڈی جی خان سے لاہور واپس آتے ہوئے چائے کے ڈھابے پر رک گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز ڈیرہ غازی خان میں بچوں کے نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر سڑک کنارے ڈھابے پر رکیں اور ڈھابے پر موجود چارپائی پر بیٹھ گئیں، مریم نواز نے شہریوں سے گفتگو بھی کی۔
وزیراعلیٰ کو چائے پیش کی گئی، شہریوں نے مریم نواز کو بجلی کے بل دکھائے اور 14 روپے فی یونٹ کمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے، آپ نے بجلی بل کم کرکے غریبوں کی دعائیں لی ہیں۔
اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آپ کے بلوں کی بہت فکر ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور میں آپ کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی میں کمی ہوئی، آٹا، چینی، گھی، دالیں اور سبزیاں سستی ہوئی ہیں، مزید ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔