ساؤتھ انڈین ایوارڈز: بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایشوریا رائے کے نام
دبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی صف اول کی اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے بالی ووڈ کے بعد ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں بھی اپنی جاندار اداکاری کا جادو چلاتے ہوئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ساؤتھ انڈین انٹرنیشنل مووی ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایشوریا رائے بچن نے اپنی بیٹی آرادھیا بچن کے ہمراہ شرکت کی۔
ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی نے ایوارڈ شو کی ریڈ کارپٹ پر واک کی اور پھر پنڈال کے باہر جمع اپنے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
ساؤتھ انڈین انٹرنیشنل مووی ایوارڈز 2024 میں ایشوریا رائے بچن کو ان کی فلم "پونیئن سیلوان 2" میں شاندار اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ (کریٹکس) کا ایوارڈ ملا۔
ایشوریا رائے کی ایوارڈ وصول کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ جیسے ہی اپنا ایوارڈ لینے کے لیے سٹیج پر پہنچیں تو ان کی بیٹی نے اپنے موبائل فون کے کیمرے کی آنکھ میں اپنی والدہ کی کامیابی کا خوبصورت لمحہ قید کیا۔