45 دن میں حکومت ختم ہوتی نظر آئے گی: فواد چودھری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 45 دن میں حکومت ختم ہوتی نظر آئے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وکلا تحریک کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں، پورا پاکستان اس وقت وکلا کے پیچھے کھڑا ہے، سینئر ترین جج چیف جسٹس آف پاکستان بنے گا، آئینی ترمیم کے صرف ذاتی مقاصد ہیں، ملک کیلئے کچھ نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او ہے، یہ ناپسندیدہ ججز کو نکالنا اور پسندیدہ ججز کو رکھنا چاہتے ہیں، نواز شریف ووٹ دینے کیلئے لاہور سے اسلام آباد آگئے تھے، پورا پاکستان سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑا ہے، پاکستان کے آئین کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل نہیں ہو سکتا، 45 دن میں حکومت ختم ہوتی نظر آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جا کر سپریم کورٹ کو ٹکر ماری اور اس ٹکر کے نتیجے میں ان کا اپنا سر گھوم گیا، بلاول بھٹو زرداری وکٹری کے نشان بنا رہا تھا، اب کہتا ہے ہمارا آئینی ترمیم سے کوئی تعلق نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تماشا بن کر رہ گیا ہے، 18 سیٹوں والا ملک کا وزیر اعظم بن گیا ہے، آئینی ترمیم کسی نے پڑھی ہی نہیں، عمران خان کو اڈیالہ جیل سے باہر نکالتے وقت حکومت کا بلڈ پریشر کم ہو جاتا ہے، اگر عمران خان جیل سے باہر آئے تو سڑکوں پر لوگوں کا جم غفیر ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مختلف قسم کے پراپیگنڈے کئے جا رہے ہیں، گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ سے ملک نہیں چلتے، اس طرح کے عوامل سے ملک میں تقسیم پیدا ہوتی ہے۔