ویمینز ٹی 20 ورلڈ کپ : آسٹریلیا کی پاکستان کو9وکٹوں سے شکست
دبئی :(دنیا نیوز) ویمینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو9وکٹوں سے ہرادیا۔
دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 82 کے ٹوٹل پر ڈھیر ہوگئی جو رواں ورلڈ کپ کا کم ترین ٹوٹل ہے۔
میچ میں عالیہ ریاض 26 رنز کے ساتھ پاکستان کی ٹاپ سکورر رہیں، ارم جاوید اور سِدرہ امین 12، 12 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایشلے گارڈنر نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا کی ٹیم نے 83 کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر گیارہ اوورز میں حاصل کرلیا، ایلیزا ہیلی 23 گیندوں پر 37 رنز سکور کرکے میچ کی ٹاپ سکورر رہیں۔