پیرس: یوکرین کے اتحادی ممالک کا اہم اجلاس، 27 ممالک کے نمائندے شریک

پیرس: (دنیا نیوز) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے یوکرین کے اتحادی ممالک کے اجلاس میں برطانیہ اور فرانس کے درمیان یوکرین میں جنگ بندی کے بعد فوج تعیناتی کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوکرین کے اتحادی ممالک کا اہم اجلاس ہوا جس میں 27 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں یوکرین، روس جنگ سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد یوکرین کی سلامتی کی ضمانت دی جائے گی، اور ممکنہ روسی جارحیت روکنے کیلئے یوکرین میں کثیرالقومی فورس تعینات ہوگی۔

اجلاس کے اختتام پر فرانسیسی صدر میکرون، برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر اور یوکرینی صدر زیلنسکی نے مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی جس میں برطانیہ اور فرانس نے ڈیل کے بعد یوکرین فوج بھیجنے کا اعلان کر دیا، دونوں ممالک نے یوکرین کے دفاع کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا کہ اجلاس میں انٹرنیشنل فورس تعنیات کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی، ہمارا ہدف یوکرین میں امن قائم کرنا ہے، امن معاہدے کا مقصد یوکرینی مسلح افواج کو دوبارہ منظم کرنا ہے۔

فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ ہم یوکرین کی سپورٹ جاری رکھیں گے، یوکرین میں امن چاہتے ہیں، ترکیہ سمندری امور سے متعلق ذمہ داری لینے کو تیار ہے، یوکرین میں قیام امن کیلئے ٹھوس ضمانتیں درکار ہیں۔

یوکرینی صدر نے پیشرفت کو امن کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہوگا جب روس کے ساتھ جنگ ختم ہوجائے گی، جبکہ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ کثیرالملکی فورس کی تعیناتی سے روس کو دوبارہ حملہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں