یو اے ای کی میزبانی میں امریکا، روس اور یوکرین کے ابوظہبی میں سہ فریقی مذاکرات

دبئی: (سید مدثر خوشنود سے) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی میزبانی میں امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان ابوظہبی میں سہ فریقی مذاکرات ہوئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے عالمی سفارت کاری میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہوئے یوکرین بحران کے تناظر میں امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی میزبانی کی، ابوظہبی میں شروع ہونے والے یہ مذاکرات موجودہ عالمی حالات میں ایک ہائی پروفائل سفارتی پیشرفت قرار دیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد کشیدگی میں کمی اور سیاسی حل کی راہیں تلاش کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابوظہبی میں تینوں ممالک کے نمائندوں نے یوکرین جنگ سے جڑے اہم سیاسی اور انسانی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا، یو اے ای نے ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر فریقین کو بات چیت کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے اس نوعیت کے مذاکرات کی میزبانی اس کے متوازن خارجہ پالیسی وژن کی عکاسی کرتی ہے، جہاں تنازعات کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دی جاتی ہے، عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنازعات کے ماحول میں ایسے اقدامات کو امن کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔

پاکستانی قارئین کیلئے یہ پیشرفت اس لحاظ سے اہم ہے کہ موجودہ عالمی جنگی ماحول میں سفارتی حل کی کوششیں بین الاقوامی استحکام سے جڑی ہوئی ہیں، ماہرین کے مطابق بڑے عالمی تنازعات میں مکالمے کا فروغ نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت اور سلامتی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، جس کے اثرات بالواسطہ طور پر پاکستان جیسے ممالک تک بھی پہنچتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں