آزاد کشمیر میں سفید گالوں کی برسات، مظفر آباد میں برفباری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

مظفراباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں سفید گالوں کی برسات،،بالائی علاقوں میں ہر شے برف سے ڈھک گئی، مظفر آباد میں برفباری کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

وادی لیپہ، بالائی نیلم، پیر چناسی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی، رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، کیل میں 3 فٹ، ہلمت گریس ویلی میں 4 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، بجلی کی لائنیں اور پول گرنے سے مواصلاتی نظام متاثر ہوگیا۔

برفباری کے باعث ضلع نیلم میں تعلیمی اداروں میں دو روز کی تعطیلات کردی گئی، وادی لیپہ سمیت متعدد علاقوں کی شاہراہیں بند ہوگئیں، دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہوئی، بابوسر ٹاپ پر ہر طرف سفیدی چھا گئی۔

شانگلہ میں 20 سال بعد برفباری ہوئی، ضلعی ہیڈ کوارٹرز الپوری میں 3 انچ تک برف پڑ چکی، سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

میران شاہ اور میر علی میں 12 سال بعد برف باری ہوئی، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بلوچستان میں بھی آسمان سے روئی کے گالوں کی برسات ہوئی، 35 سال بعد چمن بھر میں بھی شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں