پاکستان کے خلاف ہر سازش میں ملک کے ساتھ کھڑے ہیں: بیرسٹر گوہر
بونیر:(دنیا نیوز)رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش میں ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ آج کے احتجاج کے ذریعے مینڈیٹ چوری کو مسترد کرتے ہیں، ہر ضلع میں احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں کے پی کے، سندھ، پنجاب، بلوچستان سے بھرپور حمایت ملی، ہم پاکستان کے خیر خواہ ہیں، ملک کا نقصان نہیں چاہتے، معیشت، دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، دہشت گردی کے خلاف اور امن کے حامی ہیں۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی پر سیاست نہیں کی ہمیشہ قومی یکجہتی دکھائی، پاکستان کے خلاف ہر سازش میں ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔