حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی عرس تقریبات اختتام پذیر
سیہون شریف: (دنیا نیوز) سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تقریبات اور میلہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات مثالی رہے، وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر چھانگا اور پوری پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ عرس کے دوران زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے پر پولیس اور سندھ رینجرز کی کارکردگی قابل ستائش تھی۔
صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ سندھ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے فرائض انجام دے کر عوام کا اعتماد مزید مضبوط کیا، عرس کے دوران امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ زائرین کی سہولت اور حفاظت اولین ترجیح رہی، تمام اداروں نے مربوط انداز میں کام کیا،۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن اور خوشگوار ماحول میں عرس کی تکمیل سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کاوش ہے۔