پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ خوش آئند ہے: آفریدی
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے انڈیا سے کھیلنے کا راستہ اختیار کرنے سے کرکٹ کی روح برقرار رہی اور ٹی 20 ورلڈکپ کی ساکھ محفوظ ہوئی۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے فیصلے سے نہ صرف ایونٹ کے تقدس کا تحفظ ہوا بلکہ عالمی سطح پر کھیل کے استحکام کو بھی یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ جیت گئی اور یہ کھیل بدستور دنیا میں فاصلے کم کرنے اور اختلافات کے خاتمے میں پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
The spirit of cricket has prevailed. By choosing the path of participation, the @GovtOfPakistan has protected the sanctity of the #T20WorldCup and ensured the game’s global stability. Cricket wins, which means it will continue to play its pivotal role of bridging the widest of…
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) February 10, 2026
یاد رہے کہ حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے نتائج سے باضابطہ آگاہ کیا۔
حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی رسمی درخواستوں کا جائزہ لیا، جن کے ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممبر ممالک کی جانب سے بھی معاون خطوط موصول ہوئے، جو پاکستان سے اس معاملے کے حل کی توقع رکھتے تھے۔
حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی سراہا اور بنگلہ دیش کی جانب سے اظہار تشکر کو خوش آئند قرار دیا۔ پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
بین الاقوامی اور دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات کے نتائج کے پیش نظر حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی ہدایت کردی۔