ٹی 20 ورلڈکپ: نمیبیا کے کپتان فلڈ لائٹس میں پریکٹس کا موقع نہ ملنے پر مایوس
دہلی: (ویب ڈیسک) نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہیں فلڈ لائٹس میں پریکٹس کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے میچ رات کے وقت شیڈول ہونے کے باوجود انہیں پریکٹس کا موقع نہیں دیا گیا، نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے، میرے خیال میں بھارتی کھلاڑیوں کو دو مرتبہ فلڈ لائٹس میں پریکٹس کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے کھلاڑی بھی رات کے وقت ٹریننگ سیشن میں حصہ لے رہے ہیں، وہ جو چاہیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فلڈ لائٹس میں میچ کھیلنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ ہی موجود نہیں اس کے باوجود ہمیں موقع فراہم نہیں کیا گیا، اس سب کے باوجود ہم اپنے ملک کیلئے لڑیں گے۔
نمیبیا کے کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے اکثر پلیئرز فلڈ لائٹس میں میچ کھیلنے کے عادی نہیں اور انہیں کبھی رات کے وقت پریکٹس کا موقع بھی نہیں ملا اور بھارت میں بھی ہمیں موقع فراہم نہیں کیا گیا۔