حکومت عالمی قوتوں کی پراکسی نہ بنے ورنہ چلنے نہیں دیں گے: فضل الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت عالمی قوتوں کی پراکسی بننے کی کوشش نہ کرے، ورنہ ہم حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر حکمران امریکی غلامی کے لیے بضد ہیں تو پھر ہمارا بھی ایک ماضی ہے، ہم ایک بار پھر میدان میں نکلنے کے لیے مجبور ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے جماعت اسلامی کے ساتھ مشاورت کے عمل کے لیے اتفاق کیا ہے، عیدالفطر کے بعد پورے ملک میں عوامی مہم چلائی جائے گی، ہم چاروں صوبوں میں جائیں گے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کیا ہم فلسطین جا کرحماس کو غیر مسلح کریں گے؟ حکومت عالمی قوتوں کی پراکسی بننے کی کوشش نہ کرے، ورنہ پھر ہم حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، سفارتی لحاظ سے ہمیں اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانا ہوگی، افغانستان بھی بات چیت کا راستہ اختیار کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ملک ہونے کی حیثیت سے اپنے فیصلے کرنا ہوں گے، پاکستان سعودی عرب، ترکیہ کو بھی کنوینس کرسکتا ہے، غزہ پیس بورڈ کی کمانڈ امریکا کے ہاتھ میں ہے، ہمیں بروقت درست فیصلہ کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں