ماہ رمضان کیلئے اشیائے خورونوش کی خصوصی قیمتیں مقرر
کراچی: (دنیا نیوز) ماہ رمضان کے لئے اشیائے خورونوش کی خصوصی قیمتیں مقرر، فہرستیں جاری کر دی گئیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ سرکاری نرخوں کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، قیمتیں تاجر تنظیموں صآرفین کے نمائندوں ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہیں۔
سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ فیصلے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز 13 مارکیٹوں کو ماڈل بازار بنائیں گے، سرکاری نرخوں پر اشیا کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ سپر سٹورز پر اشیائے خورونوش کے رمضان کاؤنٹرز بنائے جائیں گے، ماہ رمضان کے لئے اشیائے خورونوش کی قیمتیں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہیں۔
چیئرمین کراچی ہول سیلرز گروسری ایسوسی ایشن رؤف ابراہیم نے کہا کہ سبزیوں اور فروٹس کے تاجروں سے مشاورت کی گئی ہے۔
ملک ایسوسی ایشن کے نمائندے اور دیگر نمائندگان، تاجروں، کنزیومرز، چیئرمین کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل شکیل بیگ اور مارکیٹ کمیٹی ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف سپلائی اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران کی مشاورت سے قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔
اس سلسلہ میں متعلقہ اداروں اور نمائندوں کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں غور و خوض کیا گیا، قیمتیں مقرر کرنے کے عمل میں شہروں اور موجودہ قیمتوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کمشنر آفس کی جانب سے گروسری، نمکو، بیکری نان و چپاتی اور بیف اور مٹن کی فہرستیں علیحدہ علیحدہ جاری کی گئی ہیں، اشیائے خورو نوش کی قیمتیں سختی سے نافذ کریں۔
ماہ رمضان میں شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء کی مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا، سبزی منڈی میں فروٹس اور سبزیوں کی قیمتیں مناسب مقرر کرنے وافر مقدار میں فراہم کرنے کا نظام موثر بنایا جائے گا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں شکایتی مرا کز قائم کریں گے، ماہ رمضان میں سرکاری نرخوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے شہر کی نمایاں بڑی 13 مارکیٹوں کو ماڈل بازار بنایا جائے گا۔