نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں واشنگٹن کی رائے بھی ہونی چاہئے: امریکی صدر
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹمپ نے کہا کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں واشنگٹن کی رائے بھی ہونی چاہئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ خامنہ ای کے بعد نیا رہبر زیادہ دیر نہیں رہے گا، ہر 10 سال بعد ایران معاملے پر واپس نہیں آنا چاہتے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پرانی حکومت سے تعلق رکھنے والے شخص کو قبول کرلیں گے، ایرانی افزودہ یورینیم ذخائر پر قبضے کیلئے فوج بھیج سکتے ہیں، ایران کے معاملے پر تمام آپشنز زیرغور ہیں، سب کچھ ممکن ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر شہید علی خامنہ ای کے دوسرے بیٹے 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا سپریم لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ مجلس خبرگان نے نئے رہنما کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کی جس میں مجتبیٰ خامنہ ای کو اکثریت کی حمایت حاصل ہوئی تھی، مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے تیسرے رہبر کو طور پر منتخب ہوئے ہیں۔
یاد رہے ہ نو منتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے اعلیٰ ترین سیاسی اور مذہبی منصب کے نئے رہنما ہوں گے اور ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسیز پر ان کا اثر نمایاں ہوگا، سرکاری میڈیا نے سپریم لیڈر کے منصب پر مجتبیٰ خامنہ ای کی تعیناتی کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے۔
ایران کی مجلس خبرگان نے قوم سے اتحاد برقرار رکھنے اور ایرانی عوام سے نئے سپریم لیڈر سے وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔