شہر قائد میں تاجر اغوا کے بعد قتل، فلیٹ سے لاش برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اغوا کے بعد قتل کیے گئے شہری ریحان احمد کی لاش فلیٹ سے برآمد ہوگئی۔
گرفتار ملزم فیصل اکرم کی نشاندہی پر مقتول کی لاش ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فلیٹ سے ملی، پولیس کے مطابق مقتول ریحان احمد 11 اپریل سے لاپتہ تھا، ملزم فیصل نے ریحان کو چیپل گارڈن میں ملزم ضیا اللہ کے حوالے کیا۔
ملزموں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ریحان کو تشدد کے بعد فلیٹ میں بند کر دیا، مقتول ریحان احمد لیبارٹری مشینیں فروخت کرنے کا کام کرتا تھا، 11 اپریل کو ریحان اپنی گاڑی میں کسی کام سے گیا تھا اور لوٹ کر نہیں آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول ریحان احمد ملزم فیصل اکرم کے ہمراہ گاڑی میں گیا تھا، ریحان احمد کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی، دوران تفتیش فیصل کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو ملزم نے حقائق سے پردہ اٹھادیا۔
ملزم فیصل نے ریحان احمد کو چیپل گارڈن میں ملزم ضیا اللہ عرف نجیب عرف حیدر کے حوالے کیا، ملزم ضیا کے ہمراہ تین سے چار ساتھی اور بھی فلیٹ میں موجود تھے، ملزمان نے ریحان کو تشدد کرنے کے بعد فلیٹ میں بند کردیا۔
ملزم فیصل کا کہنا ہے کہ ملزم ضیا اللہ نے اسے سہراب گوٹھ پل پر چھوڑ دیا اور وہ اپنے گھر نیو کراچی چلا گیا، ملزم کی نشاندہی پر چیپل گارڈن کا بند فلیٹ کھولا گیا تو وہاں سے ریحان کی لاش برامد ہوئی۔
جوہر آباد پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعاتی شواہد جمع کرلئے ہیں، آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس مل کر کیس پر کام کررہی ہے۔