پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں بھارتی جہاز کی مدد کرکے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی
کراچی :(دنیا نیوز) بحیرہ عرب میں فنی خرابی کے باعث پھنسنے والے بھارتی جہاز کی مدد کے لیے پاک بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عملے کو خوراک، طبی سہولیات اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق متاثرہ جہاز ایم وی گوتم کے عملے میں 7 افراد شامل تھے جن میں 6 بھارتی اور ایک انڈونیشین شہری تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں کے تحت عمان سے بھارت جانے والے آف شور جہاز کی مدد کی درخواست پر فوری ردعمل دیا۔
اِسی طرح ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر سے اطلاع ملنے پر پی ایم ایس اے جہاز ’کشمیر‘ کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں پھنسے عملے کو ضروری سامان اور طبی امداد فراہم کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاک بحریہ قومیت سے بالاتر ہو کر خطے کے سمندری علاقوں میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔