آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کو متاثر کرنیوالی کارروائی کا سخت ردعمل دیا جائیگا: سربراہ ایرانی عدلیہ

تہران: (دنیا نیوز) سربراہ ایرانی عدلیہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کو متاثر کرنیوالی کسی بھی کارروائی کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔

سربراہ ایرانی عدلیہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کو متاثر کرنے والی کسی بھی کارروائی کو ایران کی افواج کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لئے کام کرنے والوں کو مکمل، غیر مشروط اور فیصلہ کن قانونی حمایت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ترجمان خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر نے کہا تھا کہ ایران نے متحدہ عرب امارات پر کوئی حملہ نہیں کیا، امارات نے ایران کیخلاف کارروائی کی تو سخت جواب دیا جائے گا، بھرپور جواب کے بعد امارات کو اپنے کئے پر افسوس ہوگا۔

خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے کہا تھا کہ اماراتی وزارت دفاع کا بیان مکمل جھوٹ اور بے بنیاد ہے، خبردارکرتے ہیں یو اے ای کو امریکیوں اور صیہونیوں کے لئے پناہ گاہ نہیں بننا چاہئے۔

ترجمان نے مزید کہا تھا کہ امریکیوں اورصیہونیوں کی پناہ گاہ بننا اسلامی دنیا کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا، عرب امارات بدقسمتی سے امریکی اور صیہونی افواج کا اہم اڈا بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل عالم اسلام کے دشمن ہیں، خطے میں عدم استحکام کی وجہ بن رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں