اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے، 2 افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی
بیروت: (دنیا نیوز) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے ضلع بنت جبیل کے قصبے دیر کیفہ پر متعدد فضائی حملے کئے جس سے جانی نقصان ہوا۔
رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی طیاروں نے نبطیہ کے علاقے جبل الحمدانی کو بھی نشانہ بنایا، تاہم وہاں ہونے والے ممکنہ نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے ہیں آسکیں۔
حکام کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔