دبئی میں جوڑوں کے امراض سے متعلق سالانہ طبی کانفرنس شروع، 200 سے زائد ماہرین شریک

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں جوڑوں اور گٹھیا کے امراض سے متعلق سالانہ طبی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات اور بیرون ملک سے 200 سے زائد ڈاکٹرز، محققین اور طبی ماہرین شریک ہیں۔

ایمریٹس میڈیکل ایسوسی ایشن کی ایمریٹس ریمیٹولوجی سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس میں جوڑوں کے امراض کی تشخیص، علاج کے جدید طریقوں اور طبی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایمریٹس ریمیٹولوجی سوسائٹی کی صدر اور کانفرنس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شما النخاثہ نے کہا کہ جوڑوں اور گٹھیا کے امراض کے علاج کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں۔ ان

کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص، مریض کی انفرادی ضروریات کے مطابق علاج، جدید ادویات اور مصنوعی ذہانت کا استعمال اس شعبے میں اہم پیش رفت ہے، کانفرنس میں شریک ماہرین ان موضوعات پر تازہ طبی معلومات اور اپنے پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ کررہے ہیں۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر شما النخاثہ نے بتایا کہ کانفرنس کا انعقاد دبئی فیوچر ویک کے دوران کیا جارہا ہے، جو شہر میں اختراع اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے فروغ کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت اور جدید تشخیصی نظام جوڑوں کے امراض کی ابتدائی نشاندہی اور مریضوں کیلئے موزوں علاج کے انتخاب میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ طبی تحقیق کے ذریعے علاج کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات بھی پیدا ہورہے ہیں۔

کانفرنس میں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی شرکت سے متحدہ عرب امارات میں طبی تعلیم، تحقیق اور جدید علاج کے طریقوں کے حوالے سے پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

منتظمین کا مقصد ڈاکٹرز اور طبی محققین کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ سائنسی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ مریضوں کی دیکھ بھال کا معیار بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کرسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...