عمارت گرنے کا واقعہ: وزیراعلیٰ سندھ نے ہلاکتوں کو قتل قرار دے دیا
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کی بلوچ کالونی آمد، منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
مراد علی شاہ کو ریسکیو آپریشن کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، مراد علی شاہ نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا عمارت گرنے کے واقعہ میں شہریوں کا قتل ہوا ہے، 10 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں، عمارت کو گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی چھ منزلیں بنا دی گئیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر یہ کام ہو نہیں سکتا، مالک ہو، کنسلٹنٹ، ٹھیکیدار یا سرکاری افسر سب کو سزا ملے گی، اس بار کوئی بحال نہیں ہو گا، ذمہ دار جیل جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی ایسٹ سے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق سوال کرتے ہوئے دیگر زیر تعمیر عمارتوں کی جانب اشارہ کیا اور پوچھا یہ کیسے بن رہی ہیں؟ ڈی سی ایسٹ نے جواب دیا عمارتوں کے مالک عدالت سے سٹے لے آتے ہیں؟
ڈپٹی کمشنر کا جواب سن کر وزیراعلیٰ برہم ہوگئے اور بولے سٹے لانے والوں کو نہ چھوڑیں، یہ لوگوں کا قتل کر رہے ہیں، وزیر اعلی سندھ نے ایس ایس پی ایسٹ پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments