تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کیساتھ لاہور منتقلی کے دوران ناروا سلوک کی سخت الفاظ میں مذمت کی، پارلیمانی پارٹی کی تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت کی جانب سے تحریک انصاف پر پابندی کا اعلان غیر منتخب حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت اور اعتراف شکست ہے، پارلیمانی پارٹی نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرریوں کے فیصلے پر اظہار تشویش کیا۔

جاری کردہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ارکان اسمبلی صاحبزادہ امیر سلطان کے بعد معظم جتوئی کی غیر آئینی گرفتاری پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں