پنجاب حکومت کو سرکاری ملازمین کا حق دینا پڑے گا: حافظ نعیم الرحمان
لاہور:(دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو سرکاری ملازمین کو اُن کا حق دینا پڑے گا۔
سرکاری ملازمین کےدھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ خاندانی جماعتیں ہے، 54 ہزار میں سے11 ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحبہ! کیا اسے گورننس کہتے ہیں؟ سرکاری سکولوں کو بڑھانے کے بجائے سرکاری سکولوں سے ہی جان چھڑائی جا رہی ہے، پنجاب حکومت نے تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ دونوں فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرکاری ملازمین رُل رہے ہیں، پنجاب حکومت کو سرکاری ملازمین کو اُن کا حق دینا پڑے گا، جماعت اسلامی سرکاری ملازمین کےساتھ کھڑی ہے، سرکاری ملازمین کی پنشن میں کسی قسم کی کٹوتی منظور نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جیسے پنجاب میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں، حکومت چلانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے ایک سے گریڈ 22 کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، ملازمین کی لیو انکیشمنٹ، پنشن اور دیگر مراعات ختم کی جا رہی ہیں۔