فضا سے زمین تک روسی ڈرونز کا بھرپور وار، یوکرینی فورسز کی نقل و حرکت ناکام

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی افواج کے بغیر پائلٹ نظاموں نے محاذِ جنگ پر فضا اور زمین دونوں محاذوں پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے یوکرینی فورسز کو بھاری نقصان پہنچایا ہے جبکہ اگلے مورچوں تک اسلحہ اور خوراک کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق مغربی گروپنگ کے FPV ڈرونز نے خارکیف کے کوپیاںسک علاقے میں فضائی ٹکراؤ کے ذریعے یوکرینی فورسز کا بھاری جنگی کواڈ کاپٹر R-18 تباہ کر دیا جبکہ دشمن کے زمینی روبوٹک نظام، فوجی گاڑیوں اور افرادی قوت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

شمالی گروپنگ کے ڈرون آپریٹرز نے خارکیف ہی میں دشمن کے تخریبی گروہ کو منتشر کر دیا، اسی طرح مشرقی گروپنگ کے حملہ آور ڈرونز نے زاپوروزیے کے علاقے میں یوکرینی فورسز کی روٹیشن ناکام بناتے ہوئے ان کی گاڑیوں اور اہلکاروں کو ختم کیا۔

جنوبی گروپنگ نے دونیسک میں دو مرتبہ دشمن کی روٹیشن روک کر ڈرون کنٹرول پوائنٹس کو تباہ کر دیا، دنیپر گروپنگ کے ڈرون آپریٹرز نے فضا میں دشمن کے ڈرون مار گرائے اور زمین پر بکتر بند گاڑیوں اور افرادی قوت کو نشانہ بنایا۔

ادھر روسی فوج کی سینٹر گروپنگ سے وابستہ زمینی روبوٹک نظام “کوریئر” اگلے مورچوں پر تعینات فوجیوں تک اسلحہ اور خوراک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

واضح ہے کہ یہ بغیر پائلٹ زمینی ڈرونز بارودی سرنگوں، دھماکہ خیز رکاوٹوں اور دشوار گزار علاقوں میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، جس سے فوجی اہلکاروں کی جان کو خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔

فوجی حکام کے مطابق گسینوں پر مشتمل یہ روبوٹک پلیٹ فارمز گولہ باری سے بننے والے گڑھوں، ملبے اور دشمن کی تباہ شدہ گاڑیوں کے درمیان سے باآسانی گزرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی اور زمینی ڈرونز کے مشترکہ استعمال سے نہ صرف دشمن کی کارروائیاں ناکام بنائی جا رہی ہیں بلکہ محاذِ جنگ پر روسی افواج کی رسد اور آپریشنل صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں