مظلوم فلسطینیوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے :پیر آصف

فیصل آباد(سٹی رپورٹر )پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر، ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے کہا ہے کہ اسلام میں عیدین کے تہوار اسلامی تہذیب کے آئینہ دار ہیں۔۔۔
عیدالفطر پر ڈیوٹی دینے والے پولیس افسر وں اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان سنی تحریک نے عیدالفطر کو فلسطینیوں کے نام کرتے ہوئے سادگی سے منایا،فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ڈویژنل پبلک سیکرٹریٹ امین پور بازار میں ذمہ داران کی عید ملن پارٹیسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری حافظ محمد یاسر قادری ،مولانا بہادرعلی رضوی، مرزا علی حاکم، حافظ احمد رضا ، مولانا اسلم سعید، محمد رمضان قادری، رضا حسین ،محمد زاہد اور حافظ اکرام قادری ودیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین و اسرائیل کی جنگ اصل حق و باطل کی جنگ ہے ، اقوام متحدہ کا نام نہاد ادارہ فقط کفر کے تحفظ کیلئے برسر پیکار ہے ، اقوام متحدہ نے کبھی مسلمانوں کے حقوق کی بات نہیں کی، مسلم ریاستیں اقوام متحدہ کی غلامی کا طوق گلے سے نکال کر اسلام کے پرچم تلے متحد ہوجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین پر خاموشی پورے عالم اسلام کو اذیت سے دوچار کررہی ہے ،اسلام نے مسلمانوں کو ایک جسم کی مانند قرار دیا ہے ، مظالم پر خاموشی اختیار کرنا بھی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ، مسلمانوں کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا۔تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام،شہدائے کشمیر وفلسطین کی بلندی درجات اور جلد آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔