حکام کی غفلت ، اربوں روپے سے تعمیر سڑکیں تباہ ہونے لگیں ، حادثات بھی معمول

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)حکام کی غفلت کے باعث اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں تباہ ہونے لگیں ،شہر کی سڑکوں پر موجود گڑھوں کے باعث حادثات بھی معمول بن گئے ، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔۔۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری خزانے سے مجموعی طور پر اربوں روپے خرچ کرکے سڑکیں تعمیر کی جاتی ہیں تاکہ شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں اور شہری آرام دہ سفر کرسکیں ۔ فیصل آباد میں شہر کی بیشتر سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں، جڑانوالہ روڈ،جھمرہ روڈ،ستیانہ روڈ،سمندری روڈ اور سوساں روڈ کئی جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گڑھوں کے باعث ایک جانب تو ٹریفک کا بہاؤمتاثر ہوتا ہے اور ٹریفک جام رہتا ہے تو دوسری طرف ان شاہراؤں پر حادثات بھی معمول بن چکے ہیں جس سے شہریوں کا جانی و مالی نقصان ہوتا رہتا ہے ۔ان سڑکوں کو چند لاکھ روپے خرچ کرکے مرمت کیا جا سکتا ہے لیکن حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی یہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں کیونکہسڑک جب ایک جگہ سے ٹوٹنا شروع ہوتی ہے تو یہ سلسلہ پھر رکتا نہیں اور چند ماہ میں ہی پوری سڑک خراب ہو جاتی ہے جس سے سرکاری خزانے کا بھی نقصان ہوتا ہے مگر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے اس معاملے کو معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کر رہے ہیں ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لے کر ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔