چنیوٹ:فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ و جعلساز مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں زوروشور سے جاری ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چنیوٹ شہر میں کارروائی کی اوردوران معائنہ کریانہ سٹور سے ممنوع گٹکا برآمد کرلیا،گٹکا موقع پر ضائع کرا کرکریانہ مالک کو 15ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ گٹکا منہ کے کینسر کا سبب ہے اور اس وجہ سے اسکی سیل کو ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں 114 فوڈ بزنسز کی چیکنگ کی گئی اورملک شاپس،کریانہ سٹورز،فوڈ پوائنٹس اور گوشت کی دکانوں پرمزید بہتری کے لئے اصلاحاتی نوٹسز جاری جبکہ 14 فوڈ بزنسز کو صفائی کے ناقص انتظامات،ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی اور مضر صحت پانی کی بوتلیں فروخت کرنے کی وجہ سے 63ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں 45 لیٹر پانی کی جعلی بوتلیں اور 3 کلو ایکسپائرڈ مصنوعات کو ضائع کر دیا گیا۔