عیدالفطر اُمہ کے دینی و مذہبی تشخص کا مظہر ، صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب، اخوت و محبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی و مذہبی تشخص کا مظہر ہے۔
یہ دن اپنے اندر ہمدردی، ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔ ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا، بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین محکم ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیر کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم عید کے اس مبارک موقع پر اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھیں جو غربت، بیماری اور دیگر مشکلات سے دوچار ہیں۔