دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا اصل عید ، عبد العلیم خان
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی اصل عید ہے، عیدالفطر پر کم وسائل رکھنے والوں کے زیادہ سے زیادہ کام آنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے ضرورت مند خاندانوں میں امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مالی امداد کیلئے آنے والے ہر شہری کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کمپیوٹر ائز سسٹم کے تحت شہریوں کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے جس کیلئے پہلے باقاعدہ سروے کیا جاتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے میو ہسپتال، سروسز ہسپتال ، چلڈرن ہسپتال میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ڈائیلاسز سینٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں سے خیریت دریافت کی۔ مریضوں نے بہترین اور بلا معاوضہ ڈائیلا سز کی سہولتوں کی فراہمی پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ عبدالعلیم خان نے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج بچوں کو عیدی بھی دی جبکہ فاؤنڈیشن کے سی ای او بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر نے انہیں بریفنگ دی۔