گرلز سکول میں خطرناک 15 کمرے 2012 سے بند

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن کی مبینہ غفلت کے باعث سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع نہ ہوسکا۔
گورنمنٹ کمپری ہنسو گرلز ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈ میں خطرناک پندرہ کمرے 2012سے بند ہیں۔ سہولیات کی عدم موجودگی پر انرولمنٹ کم ہونے لگی ہے۔ تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کے دعوے ہوا ہونے لگے۔ سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر نو کا کام مسلسل التوا کا شکار ہے۔ 1968 میں تعمیر ہونے والا گورنمنٹ کمپری ہنسو گرلز ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈ محکمہ سکول ایجوکیشن کی توجہ کا طلب گار ہے۔ سکول کے پندرہ کمرے 2012 سے خطرناک قرار دیکر بند کردئیے گئے۔ دو سے تین دفعہ پی سی ون بنا مگر فنڈز نہ ملے۔ پندرہ کمروں کی تعمیر و مرمت کا کام 13 سال سے التوا کا شکار ہے ۔سکول میں کمروں کی کمی کی وجہ سے طالبات کی تعداد کم ہونے لگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران طالبات کی تعداد میں ایک ہزار کی کمی ہوئی۔ لاہور میں پندرہ سے 20 سکولوں میں تعمیر و مرمت کا کام کئی سال سے التوا کا شکار ہے۔