نجی بینک ملازم کاقتل،سوتیلا بھتیجا دوست سمیت گرفتار

قصور(نمائندہ دنیا) نجی بینک کے ملازم کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا، سوتیلے بھتیجے نے دوست سمیت گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔۔۔
ملزم بھتیجے سمیع الرحمان اوردوست ہارون نے مقتول اعظم کی زمین ہتھیانے کیلئے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ تفصیل کے مطابق 20 جنوری کو ماجرہ کا رہائشی محمد اعظم نجی بینک سے واپس گھر جا رہا تھا کہ واں آدھن کے قریب نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، ملزموں نے واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت پرقتل کی واردات کا رنگ دینے کی کوشش کی، تھانہ صدر پتوکی پولیس نے مقتول کی بہن نازیہ تبسم کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔ ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کے نوٹس پرپتوکی صدرپولیس کی ٹیم نے جدید اور سائنٹفک بنیادوں پر کام کرتے ہوئے مقتول کے سوتیلے بھتیجے اور اسکے دوست کو پکڑا، ملزم سمیع الرحمان کے والد نے اپنی زرعی زمین اپنے سوتیلے بھائی مقتول محمد اعظم کے نام کر دی تھی، ملزم سمیع الرحمان نے زمین ہتھیانے کیلئے اپنے دوست ہارون کیساتھ ملکر اعظم کو فائرنگ کانشانہ بنایا، پولیس نے ملزموں کے خلاف تفتیش شروع کر دی۔