بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشن پر بیکریوں کیخلاف ایکشن

بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشن پر بیکریوں کیخلاف ایکشن

ملتان (لیڈی رپورٹر) مسافروں کیلئے معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ملتان میں بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن پر ہوٹلوں، بیکریوں اور سٹورز جبکہ وہاڑی میں جعلی کھویا تیار کرنے والے ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا گیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

 تفصیلات کے مطابق باقر آباد پلی پیراں غائب روڈ پر سپر سٹور پر کارروائی کے دوران ناقص گھی برآمد کیا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران گھی میں وٹامن کی کمی پائی جانے پر غیر معیاری گھی موقع پر تلف کردیا گیا جبکہ سپر سٹور مالکان کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح مٹھائی میں مردہ حشرات پائے جانے ، خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاء کے استعمال پر 2 بیکریوں کو 47 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ اس کے علاوہ کھانوں میں باسی سبزیوں کے استعمال پر ریلوے اسٹیشن پر ریسٹورنٹ کو 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ کچن ایریا میں صفائی اور حشرات کی روک تھام کے ناقص انتظامات پر وہاڑی چوک پر ہوٹل کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کھانوں میں چائنہ نمک کے استعمال، خوراک کی تیاری کے دوران سگریٹ نوشی کرنے پر نگانہ چوک پر 2 ریسٹورنٹس کو 30، 30 ہزار کے جرمانے کئے گئے ۔ اسی طرح اڈہ ساہوکا بوریوالا میں ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران کھوئے میں وئے پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی۔ ملاوٹ ثابت ہونے پر جعلی کھویا تلف جبکہ کولیکشن سنٹر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے وئے پاؤڈر ضبط کرلیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں