کپاس کی کاشت کا80فیصد ہدف مکمل

ملتان (وقائع نگار خصوصی)صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ،پہلے مرحلے میں کپاس کی کاشت کے مقرر کردہ ہدف کا 80 فیصد سے زائد حاصل کر لیا۔۔
جبکہ آئندہ دو، تین دن میں مقررکردہ ہدف کے قریب پہنچ جائیں گے ،رواں سیزن پنجاب میں 35 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت جائے گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں کپاس کی کاشت بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کپاس کی اگیتی کاشت کی مہم چلائی گئی جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں،کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کا دوسرا مرحلہ 30 اپریل تک جاری رہے گا،کپاس کی کاشت کے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ،پنجاب میں کپاس کے اہداف کے حصول کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جارہی ہے ،مارکیٹوں میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی بحالی کیلئے جاری خصوصی مہم کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں زیر تعمیر ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ کیااور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔