میپکو صارفین کی شکایات کو آن لائن کردیا گیا، محمد اکرم سیال

ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف انجینئر ٹرانسمیشن اینڈ گرڈز (ٹی اینڈ جی)میپکو محمد اکرم سیال نے کہا ہے کہ کسٹمرزکو سروسزفراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔۔
اس میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے ۔ صارفین کی شکایات کے اندراج و ازالہ کو ڈیجیٹائزیشن پر منتقل کردیاگیاہے ۔ صارفین اپنے مسائل گھر بیٹھ کر نہ صرف آن لائن درج کروائیں بلکہ ان کے ازالہ کی معلومات بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پہنچائی جارہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو مظفرگڑھ سرکل میں نئے قائم ہونے والے ’’کسٹمرفیسیلیٹیشن سنٹر‘‘کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سسٹم کو آن لائن کردیاگیاہے ۔ سی ایف سی میں تعینات سٹاف آن لائن موصول ہونے والی شکایات فوری طورپر متعلقہ سب ڈویژنل دفاتر سے شیئر کریں اور صارفین سے شکایات کا ازالہ ہونے تک رابطہ رکھاجائے ۔انہوں نے سپرنٹنڈنگانجینئر مظفرگڑھ سرکل راجیش کمار راٹھی کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کسٹمرفیسیلیٹیشن سنٹرسمیت سرکل کے تمام شکایات مراکز کی مانیٹرنگ کی جائے اور صارفین کی درج /موصول ہونے والی تمام شکایات کا اندراج کسٹمرکمپلینٹ مینجمنٹ (سی سی ایم ایس ) پر آن لائن کیاجائے ۔ شکایات مراکز کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے اور نااہلی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔ بعدازاں انہوں نے سرکل کمپلیکس میں مظفرگڑھ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اور لائن لاسز/ریکوری کے اہداف، بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن ، مقدمات کے اندراج پر گفتگو کی۔سپرنٹنڈنگ انجینئر مظفرگڑھ سرکل نے مالی سال 2024-25ء کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹرکمرشل ارشاد سیال، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل فرقان زکریا اور ڈویژنل افسر بھی موجود تھے ۔