پی ایس ایل ایکس کیلئے سکیورٹی،مثالی انتظامات کرنیکا حکم

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے شہر اولیاء میں پی ایس ایل ایکس 2025 کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔۔
اس سلسلے میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 22 اپریل کو ملتان سلطان کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کرکٹ سٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹس پر بھی موثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی سی بی اور ضلعی محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی پی او صادق علی ڈوگر اور سی ٹی او سردار موارہن خان سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ سٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹس پر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مثالی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ پی ایس ایل کے موقع پر شہر میں بھرپور سجاوٹ کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شائقینِ کرکٹ کیلئے سٹیڈیم میں تفریح کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔بعد ازاں پی سی حکام نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔