غیر قانونی ڈمپنگ ،324 چالان ، لاکھوں کے جرمانے

2 مقدمات ، 3گاڑیاں ضبط،305 کو وارننگ نوٹسز ،1206 کارروائیاں
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے انفورسمنٹ ونگ پوری طرح سے فعال ہے ۔سڑکوں پر کوڑا پھینکنے اور غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی انفورسمنٹ ونگ کی غیر قانونی ڈمپنگ اور کوڑے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، دورانِ کارروائی غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف 2 مقدمات درج کیے گئے ہیں ،جبکہ 3 گاڑیاں بھی غیر قانونی ڈمپنگ کی وجہ سے ضبط کی گئی ہیں۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے بتایا کہ انفورسمنٹ ونگ نے گزشتہ ہفتے شہر بھر میں 1206 مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے کوڑے کے سڑکوں پر پھیلاؤ،غیر قانونی ڈمپنگ اور خلاف ورزیوں پر 324 چالان کیے ۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 838,500کے جرمانے کیے گئے جبکہ معمولی خلاف ورزیوں پر305 وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ۔