نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے پہلی سہ ماہی کی معاشی کارکردگی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیر صدارت نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوام نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے پہلی سہ ماہی کی معاشی کارکردگی کی منظوری دیدی۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے ستمبر معاشی شرح نمو 0.92 فیصد ریکارڈ کی گئی، وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اس سال معاشی ترقی کا سالانہ ہدف 3.6 فیصد مقرر ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ابتدائی 3 ماہ میں زرعی شعبے کی گروتھ 1.15 فیصد رہی، اہم فصلوں کی شرح نمو منفی 5.93 فیصد ریکارڈ کی گئی، خدمات کے شعبے کی کارکردگی 1.43 فیصد مثبت رہی۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ جولائی سے ستمبر صنعتی شعبے کی کارکردگی منفی 1.03 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، مالی سال 2023-24 کے نظرثانی شدہ معاشی اعداد و شمار کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 2.52 فیصد کے بجائے 2.50 فیصد رہی، گزشتہ مالی سال ملکی معیشت کا حجم 373.3 ارب ڈالر رہا۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران فی کس آمدنی 1669 ڈالر رہی، مقامی کرنسی میں فی کس آمدن 4 لاکھ 72 ہزار 263 روپے پر آگئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں