روس نے امریکا میں روسی سفارتکاروں کے بچوں کو دی جانے والی شہریت مسترد کردی
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ روس امریکا میں تعینات اپنے سفارتکاروں کے بچوں پر امریکی شہریت مسلط کیے جانے کو تسلیم نہیں کرتا۔
ماریہ زخارووا نے ایک مضمون میں واضح کیا کہ روسی مؤقف کے مطابق سفارتی، انتظامی و تکنیکی اور قونصلر عملے کے اہل خانہ میں پیدا ہونے والے بچوں کو خودکار طور پر امریکی شہریت دینا قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو ہر ایسے کیس میں واشنگٹن سے باضابطہ تصدیق کا مطالبہ کرے گا کہ نومولود بچہ امریکی دائرہ اختیار کے تحت نہیں آتا اور اسے ویانا کنونشنز کے تحت حاصل سفارتی استثنیٰ اور مراعات حاصل ہیں۔
روسی ترجمان کے مطابق یہ موقف سفارتی اور قونصلر تعلقات سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق ہے، جن کے تحت سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
ماریہ زخارووا نے زور دیا کہ روس اس معاملے پر اپنے سفارتی اصولوں کا دفاع جاری رکھے گا اور ہر کیس میں متعلقہ قانونی تقاضوں کو یقینی بنایا جائے گا۔