قطر کا ایک اور ایل این جی بردار جہاز آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے چین کی جانب روانہ
دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کا ایک اور ایل این جی بردار جہاز آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے چین کی جانب روانہ ہو گیا، جبکہ قطری مذاکراتی ٹیم تہران میں جنگ بندی معاہدے کی کوششوں کے سلسلے میں موجود ہے۔
شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق السلحہ نامی جہاز قطر کی راس لفان بندرگاہ سے روانہ ہوا، جہاز کے 14 جون کو چین کے تیانجن ایل این جی ٹرمینل پہنچنے کی توقع ہے۔
آبنائے ہرمز سے گیس کی ترسیل اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، تاہم حالیہ کشیدگی کے باوجود یہ تیسرا قطری ایل این جی جہاز ہے جو اس اہم بحری راستے سے گزر رہا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق اس سے قبل گزرنے والے دو قطری ایل این جی جہاز پاکستان کے لیے مختص تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے ان ترسیلات کی منظوری قطر اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کے مقصد سے دی، جبکہ پاکستان امن مذاکرات میں ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔