نورین نیازی کے بیانات بھارتی میڈیا کی زینت بنے، عوام میں شدید غصہ ہے: عطا تارڑ
لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے بعض بیانات بھارتی میڈیا کی زینت بنے،عوام میں شدید غصہ ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جماعت کا ہر کارکن ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنماؤں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی جب کہ کارکن ہر مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے، جس پر وہ اِن کے شکر گزار ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ "کشمیر بنے گا پاکستان" ہے اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی حب الوطنی پر کسی کو شک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کاز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گی اور جلاؤ گھیراؤ، تشدد اور انتشار کی سیاست کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، کشمیر میں ہونے والے انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بعض بیانات بھارتی میڈیا کی زینت بنے، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی کوششیں ہمیشہ ناکام ہوں گی اور تاریخ انہیں اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے منفی سیاست کی گئی جب کہ پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست اب دفن ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments