نظامِ انصاف مؤثر بنانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں: ملک احمد خان

قصور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نظامِ انصاف کو مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد خان  کا کہنا تھا کہ ملک کی عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے آئینی عدالت کو الگ کرنے، نئے صوبوں کے قیام، ہائی کورٹس کے مزید بینچز بنانے اور مؤثر ضلعی حکومتوں کے قیام سمیت مختلف تجاویز زیرِ بحث ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا  کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کوئی ریفرنڈم کی بات کر رہا ہے تو کوئی آئینی طریقہ کار کی تجویز دے رہا ہے، یہ تمام معاملات جمہوری مکالمے کا حصہ ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ جمہوریت کا نام ہی بات چیت ہے، ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، تاہم دوسروں کی رائے کو احترام سے سننا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا حق ہے، لیکن اختلاف بھی احترام اور دلیل کے ساتھ ہونا چاہیے، وکلاء ہمیشہ جمہوری مکالمے، آئینی بحث اور اختلافِ رائے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ قصور بار ان اہم قومی معاملات میں قائدانہ کردار ادا کرے گی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور بار کے وکلاء کی علمی صلاحیتوں، دلائل اور بحث کے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں قابل اور باصلاحیت وکلاء موجود ہیں، جن کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں۔ امید ہے کہ قصور بار آنے والے وقت میں قومی سطح پر بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ وکلاء کو بہتر، خوبصورت اور معیاری ورکنگ انوائرمنٹ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس مقصد کے لیے بار کے چیمبرز کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ قصور بار ایسوسی ایشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جس میں ملک رشید احمد خان، ملک احمد سعید خان اور ان کی مشترکہ کاوش شامل ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ چیمبرز کی تعمیر کے ساتھ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، قصور بار کی ترقی اور وکلاء کی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...