دبئی میں بینک اکاؤنٹس کھلوانے کے بدلے رقم دینے والا فراڈ گینگ گرفتار
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے مالیاتی فراڈ میں ملوث ایک منظم گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس کے ارکان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان مالی مشکلات کا شکار افراد کو رقم کا لالچ دے کر ان کے نام پر بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کھلواتے تھے، جنہیں بعد ازاں دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
دبئی پولیس کے مطابق گرفتار گروہ سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ملزمان ایسے افراد کو نشانہ بناتے تھے جنہیں فوری مالی مدد کی ضرورت ہوتی تھی اور انہیں معمولی رقم کے عوض اپنے نام پر بینک اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل والٹس کھولنے پر آمادہ کرتے تھے، بعد میں انہی اکاؤنٹس کے ذریعے فراڈ سے حاصل ہونے والی رقوم منتقل کی جاتی تھیں تاکہ رقم کی اصل منزل اور اس کے ذرائع کا سراغ لگانا مشکل بنایا جاسکے۔
پولیس تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمان نے مالی طور پر کمزور افراد کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے بینکنگ اکاؤنٹس کو غیر قانونی مالی لین دین کے لیے استعمال کیا، اس طریقۂ واردات سے نہ صرف دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی ممکن بنائی جاتی تھی بلکہ اکاؤنٹس کھلوانے والے افراد بھی قانونی پیچیدگیوں اور تحقیقات کی زد میں آسکتے تھے۔
دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی شخص یا نامعلوم ادارے کی جانب سے رقم کے بدلے بینک اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل والٹ کھلوانے کی پیشکش قبول نہ کریں، اپنے بینک اکاؤنٹس، ڈیجیٹل والٹس اور مالی معلومات کو دوسروں کے استعمال کے لیے فراہم کرنا سنگین قانونی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، خصوصاً اگر ان اکاؤنٹس کو مالی فراڈ یا غیر قانونی رقوم کی منتقلی میں استعمال کیا جائے۔
حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ فوری منافع، آسان کمائی یا مالی مدد کے نام پر کی جانے والی مشکوک پیشکشوں سے محتاط رہیں اور اپنے بینکنگ اکاؤنٹس کی معلومات، پاس ورڈز اور دیگر حساس تفصیلات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
دبئی پولیس کی اس کارروائی کو مالیاتی فراڈ اور منظم جرائم کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ قرار دیا جارہا ہے، پولیس نے شہریوں کو مشکوک مالی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دینے اور غیر مصدقہ سرمایہ کاری یا بینکنگ پیشکشوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن مالی لین دین کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ مالی فراڈ کے نئے طریقے بھی سامنے آرہے ہیں، دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی مالی سلامتی کے تحفظ اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے نگرانی اور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments