پاکستان بنگلا دیش کو ہرا کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ڈھاکا:(دنیا نیوز) پاکستان فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان بنگلا دیش کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

ڈھاکا کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر تماشائیوں کی بھرپور حمایت حاصل تھی اور میزبان ٹیم نے میچ کے دوران گیند پر زیادہ قبضہ بھی برقرار رکھا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے منظم دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کے متعدد حملے ناکام بنائے۔

میچ کے 86ویں منٹ میں عبدالصمد نے شاندار انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیا اور بائیں پاؤں سے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو ایک صفر کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

دوسری جانب میچ کے آخری لمحات میں بنگلا دیش نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے حریف ٹیم کو گول کرنے کا موقع نہ دیا۔

علاوہ ازیں سٹیڈیم میں تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے، لیکن پاکستانی ٹیم نے دباؤ میں بھی اپنے اعصاب قابو میں رکھے اور ایک صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔

یاد رہے نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم اب ساف چیمپئن شپ کا پہلا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...