روسی فوج نے تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کر لیا، 300 سے زائد عمارتوں کی تلاشی

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج کے مشرقی گروپ نے زاپوروزیہ ریجن میں واقع آبادی تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق فوجی کارروائی کے دوران 300 سے زائد عمارتوں کو کلیئر کیا گیا اور یوکرینی فوج کے ایک بڑے دفاعی علاقے پر قبضہ حاصل کیا گیا۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی فوجی گروپ کے دستوں نے فعال جنگی کارروائیوں کے ذریعے یوکرینی فوج کے دفاعی مورچوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے زاپوروزیہ ریجن کی آبادی تیرسیانکا کو آزاد کرالیا۔

وزارت دفاع کے مطابق مشرقی فوجی گروپ کی 29ویں مشترکہ فوج کی 36ویں علیحدہ موٹر رائفل بریگیڈ کے حملہ آور دستوں نے تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کیا۔

روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران 10 مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر مشتمل یوکرینی فوج کے ایک بڑے مضبوط دفاعی علاقے کا کنٹرول حاصل کیا گیا، جبکہ 300 سے زیادہ عمارتوں کو کلیئر کیا گیا۔

وزارت دفاع کے مطابق تیرسیانکا کے لیے ہونے والی لڑائی میں یوکرینی فوج کو دو پلاٹون سے زیادہ نفری کے برابر جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران یوکرینی فوج کی سات بکتر بند جنگی گاڑیاں، چھ گاڑیاں، 22 زمینی روبوٹک نظام اور بابا یاگا طرز کے 70 سے زائد بھاری چھ پروں والے ڈرون تباہ کیے گئے۔

وزارت دفاع کے مطابق تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد مشرقی فوجی گروپ نے زاپوروزیہ ریجن میں اپنے زیر کنٹرول علاقے کو مزید وسیع کیا اور نئی پوزیشنیں سنبھال لیں۔

روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس پیش رفت سے مشرقی فوجی گروپ کے لیے مزید پیش قدمی کی بنیاد فراہم ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کے تقریباً 1085 فوجیوں کے نقصان کا دعویٰ
روسی وزارت دفاع نے اپنی روزانہ کی فوجی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں روسی فوج کے مختلف گروپوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں یوکرینی مسلح افواج کو تقریباً 1085 فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

وزارت دفاع کے مطابق شمالی فوجی گروپ کی کارروائیوں کے علاقے میں یوکرین کے 175 سے زائد فوجیوں کا نقصان ہوا۔

مغربی فوجی گروپ کی کارروائیوں میں یوکرین کے 200 سے زیادہ فوجیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ جنوبی فوجی گروپ کے علاقے میں یوکرینی فوج کو 130 تک فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق مرکزی فوجی گروپ کی کارروائیوں میں یوکرین کے 335 سے زائد فوجیوں کا نقصان ہوا۔

مشرقی فوجی گروپ کے علاقے میں یوکرین کے 215 سے زیادہ فوجیوں جبکہ دنیپر فوجی گروپ کے علاقے میں 30 تک فوجیوں کے نقصان کی اطلاع دی گئی ہے۔

یوکرینی فوج کے زیر استعمال توانائی اور ٹرانسپورٹ تنصیبات پر حملے
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ روسی فوج نے یوکرینی مسلح افواج کے زیر استعمال توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا۔

وزارت دفاع کے مطابق روسی فوج کے مختلف گروپوں نے آپریشنل ٹیکٹیکل طیاروں، حملہ آور ڈرونز، میزائل دستوں اور توپ خانے کی مدد سے یوکرینی فوج کے زیر استعمال تنصیبات پر حملے کیے۔

ان کارروائیوں میں ڈرون تیار کرنے والی ورکشاپس، ڈرون ذخیرہ کرنے اور انہیں لانچ کرنے کے مقامات، گولہ بارود کے ذخائر اور یوکرینی مسلح دستوں کی عارضی تعیناتی کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 142 علاقوں میں ان اہداف پر حملے کیے گئے۔

روسی فضائی دفاع کا 231 یوکرینی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی مسلح افواج کے 231 فکسڈ ونگ ڈرون مار گرائے۔

وزارت دفاع نے خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوج کے فوجی سازوسامان کے نقصانات کی مجموعی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے اعداد و شمار کے مطابق آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرین کے 674 جنگی طیارے، 284 ہیلی کاپٹر، 2 لاکھ 87 ہزار 451 ڈرون اور 672 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام تباہ کیے جاچکے ہیں۔

وزارت دفاع کے مطابق اس عرصے میں 31 ہزار 641 ٹینک اور دیگر بکتر بند جنگی گاڑیاں، ایک ہزار 796 ملٹی پل راکٹ لانچر، 36 ہزار 927 فیلڈ آرٹلری گنز اور مارٹر جبکہ 77 ہزار 177 خصوصی فوجی گاڑیاں بھی تباہ کی گئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...