معدنیات کے قومی اثاثوں سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوں گی، ثمر ہارون بلور
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ معدنیات کے معاملات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی کارروائی جاری ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹس پولیس ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ رابطہ کاری کے بعد جے آئی ٹی کو فراہم کی جائیں گی۔ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ایک سلسلہ وار کارروائی کی جائے گی تاکہ قومی اثاثوں کے ساتھ مبینہ کھلواڑ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
معدنیات سے متعلق ڈیٹا جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے ایک ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج کو بھی شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے کارروائی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے ذمہ داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ معدنیات کے حوالے سے جاری بعض بلاک ریلیز کے معاملات منسوخ کر دیے گئے ہیں اور اب ان کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ پلسر مائننگ سے متعلق نئی قانون سازی پر مشیر قانون اور محکمہ قانون کام کر رہے ہیں۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق معدنیات کے سابقہ معاملات میں کئی خلاف ورزیاں سامنے آئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاہدے غیر قانونی تھے، ادائیگیوں کی شرائط نامناسب تھیں اور مزدوروں کے حقوق سمیت انسانی حقوق کو بھی نظرانداز کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات نکالنے کا عمل جس رفتار سے جاری تھا، اس سے ایک یا 2 سال میں متعلقہ علاقے خالی ہو جانے کا خدشہ تھا۔ حکومت ان معاملات کے لیے قانونی راستہ تلاش کر رہی ہے تاکہ معدنی وسائل کا تحفظ کیا جا سکے اور مبینہ خلاف ورزیوں کا تدارک ممکن ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments