ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے دو قرضوں کی منظوری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے دو قرضوں کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے مطابق ان قرضوں سے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آبپاشی، پانی کے انتظام اور زرعی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور منصوبوں سے 7 لاکھ 28 ہزار افراد مستفید ہوں گے جبکہ غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اے ڈی بی اعلامیے میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے لیے 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض منظور کیا گیا ہے، اس رقم سے نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال میں آبپاشی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
اسی طرح منصوبے کے تحت چھوٹے کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، منصوبے میں خواتین کو روزگار سے متعلق تربیت فراہم کرنے اور پانی کے انتظام کے نظام میں ان کا کردار بڑھانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے لیے 26 کروڑ ڈالر کے انٹیگریٹڈ ہل ٹورنٹ مینجمنٹ منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، اس منصوبے کے تحت پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات کم کرنے اور سیلابی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید برآں اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ دونوں منصوبے غذائی تحفظ بہتر بنانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں سے زرعی پیداوار میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پانی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments