الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی وجہ، عوامی رائے کا احترام حل کی ابتدا ہے: شاہد خاقان
راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہے، عوام کی رائے کا احترام مسائل کے حل کی ابتدا ہے۔
جڑاوں شہر راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملکی معاملات درست انداز میں نہیں چل رہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کی ابتدا عوام کی رائے کا احترام کرنے سے ہوتی ہے، لیکن ملک میں عوامی رائے کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کی بنیادی وجہ انتخابات میں مداخلت ہے، 2018 اور 2024 کے انتخابات اس کی مثالیں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آج بھی مناسب خوراک میسر نہیں اور عوام معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکمران وفاق کو بچانے کی جنگ میں مصروف ہیں، دوسری جانب صوبوں کے حوالے سے باتیں کی جا رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ یا خاکہ ہے تو پہلے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے، عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔
پاکستان میں آٹے، گندم اور چینی کی قیمتوں میں اضافے، حکومتی پالیسیوں اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ ایک میٹنگ کروانے کے لیے پورا ملک بند کرنا پڑے، حکومت کے پاس بھی اس کا کوئی جواب نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آج آٹے کی قیمت 190 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، چند سال پہلے آٹا 80 سے 90 روپے فی کلو دستیاب تھا، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات دوسرے ممالک میں بھی مرتب ہوئے، لیکن پاکستان میں ایل پی جی اور پٹرول کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 80 سال ہونے کو ہیں لیکن آج تک گندم کی قیمت اور مل سے عوام تک آٹے کی فراہمی کا مؤثر نظام وضع نہیں کیا جا سکا، پاکستان 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کر چکا ہے جبکہ گندم کی کمی 25 سے 30 لاکھ ٹن تک بتائی جا رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسانوں نے اپنی گندم 65 روپے فی کلو تک فروخت کی، پنجاب میں 30 لاکھ ٹن گندم خریدنے کے بجائے صرف ایک لاکھ 50 ہزار ٹن کے قریب گندم خریدی گئی، جس سے مڈل مین کو ذخیرہ اندوزی کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم کی خریداری میں ناکامی محض پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ پالیسی میں کرپشن کا معاملہ ہے، چینی کو ڈی ریگولیٹ کر دیا گیا، حالانکہ پاکستان چینی کی پیداوار میں آگے تھا، چینی کی درآمد پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا، جبکہ شوگر ملز مالکان اور پالیسی سازوں کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزراء آپس میں لڑ رہے ہیں، ملک مسلسل مشکلات کا شکار ہے اور جب تک پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا ترقی ممکن نہیں، ملک میں سیاسی استحکام، قانون اور واضح پالیسی کا فقدان ہے، پولیس، انتظامیہ اور ہسپتالوں کا نظام بھی مؤثر انداز میں نہیں چل رہا۔
ملکی نظام میں تبدیلی اور ری سیٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھایا کہ آخر کس ری سیٹ کی بات کی جا رہی ہے؟ صوبوں کے وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار اور مجوزہ نظام کا مکمل خاکہ عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے، ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والی رقوم کی صوبوں میں منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی واضح نہیں ہو رہا کہ مولانا فضل الرحمان گرفتار ہیں یا نہیں، پنجاب حکومت اس حوالے سے وضاحت نہیں کر رہی تو مولانا فضل الرحمان خود بتا دیں گے کہ کیا ہوا، آج ہونے والی مخالفت اصولوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے کی جا رہی ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں کرپشن کی جو صورتحال ہے اس کی مثال نہیں ملتی، اگر ٹیکنوکریٹ یا قومی حکومت بنانی ہے تو اس کا واضح خاکہ سامنے لایا جائے، آئین اور قانون کے مطابق ان کی جماعت کو جو ذمہ داری دی جائے گی اسے پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments